ٹھگ سکواڈ کے جملہ ممبران کی تعداد میں آئے روزاضافہ ہو رہا ہے.
دروغ بر گردن راوی تازہ ترین واقعہ میں تھانہ صدر جہلم میں درج کرائی گئی ایف آئی آر نمبر305مورخہ 06-08-2017کے مطابق صحافت کی آڑ میں چھپے ہوئے مداری کمال فنکاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے منسٹری آف ہیلتھ اسلام آباد کے اہلکاروں کے روپ میں سیاہ رنگ ایکس ایل آئی(XLI) گاڑی نمبری PJ-460میں سوار ہو کر صفی بیکر ز مظفر ٹاؤن جہلم پہنچے.
منیجرسے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر قائد کی تصویر والے نوٹ مبلغ دس ہزار روپے بٹورے، ہر ماہ مبلغ چار ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم صادر کیا، اور چلتے بنے .
کچھ دن لذت کام و دہن میں مصروف رہے.
بعد ازاں ایک دن کشکول اٹھائے تاج بیکری ٹاہلیانوالہ پہنچے،اس کے مالک کو بھی سرکاری جوہر دکھائے،مالک نے ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات ہزار روپے سکہ رائج الوقت کے عوض رسید کا مطالبہ کیا،جس پر مداری بھاگ کھڑے ہوئے.
دریں اثناء مقامی سینٹری انسپکٹر محکمہ ہیلتھ نے مداریوں کے خلاف تھانہ صدر جہلم میں تحریری درخواست دی،جس پر پولیس نے زیر دفعہ420/419۔170تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا،