مدینہ منورہ میں جہلم کے خاندان کے ساتھ ٹریفک حادثہ،ماں ،بیٹا اور بیٹی جاں بحق

جہلم لائیو(بیورو رپورٹ)مدینہ منورہ زیارت کے لئے جانے والے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی۔ٹریفک حادثے میں ماں ،بیٹا اور بیٹی جاں بحق۔ باپ اور دوبیٹیاں زندہ بچ گئیں ۔ٹانگیں ٹوٹنے سے باپ معذور۔نعشیں پاکستان آبائی گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد کی شرکت ۔تفصیلات کے مطابق جہلم کے نواحی گاؤں وٹالیاں کی معروف سماجی اور سیاسی شخصیت صوبیدار (ر) محبوب عالم کا جواں سالہ بیٹا عامر محبوب جو روزگار کے سلسلہ میں اپنی بیوی اور بچوں کے ہمراہ سعودی عرب مقیم ہے گذشتہ دنوں اپنی کار میں اہل خانہ کے ہمراہ مدینہ منورہ جا رہے تھے سڑک پر اچانک اونٹ آنے سے عامر محبوب کی کار اونٹ کو بچاتے بچاتے الٹ گئی ۔کار الٹنے سے عامر محبوب سمیت کار میں سوار اسکی فیملی کے پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے عامر محبوب کی بیوی ناصرہ ،تیرہ سالہ بیٹی رمشا،اور چھ سالہ بیٹا بلال جاں بحق ہو گئے ۔جبکہ چار سالہ عروج اور سات سالہ ریبا کی زندگیاں بچ گئیں ۔کار حادثے میں عامر محبوب ٹانگوں اور بازو سے معذور ہو گیا جو ابھی تک سعودی عرب کے ہسپتال میں زیر علاج ہے کے علاوہ اسکی دو بیٹیاں بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔عامر محبوب کی جاں بحق ہونے والی بیوی ،بیٹے اور بیٹی کی نعشوں کو گذشتہ روز جب پاکستان میں انکے آبائی گھر وٹالیاں لایا گیا تو گھر میں کہرام مچ گیا ایک ہی خاندان کے اجڑنے پر ہر آنکھ اشک بار تھی ،جاں بحق ماں بیٹی اور بیٹے کی نماز جنازہ میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی،اس المناک حادثے پر ایڈیٹر انچیف جہلم لائیو نوید احمد نے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کو جوار رحمت میں جگہ دے جبکہ زخمیوں کو اللہ تعالیٰ جلد صحت یاب کرے

اپنا تبصرہ بھیجیں