ڈپٹی کمشنر جہلم کپٹن (ر)عبدالستار عیسانی نے کہاہے کہ ضلع جہلم کی چار تحصیلوں میں ماہ رمضان میں چھ رمضان بازار لگائے جائیں گے ،
جن میں صارفین کو تمام اشیائے خودونوش ارزاں نرخوں پر فراہم کی جائیں گی اور اشیاء کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ آٹا اور چینی سمیت دیگر اشیاء خرد و نوش پر خصوصی سبسڈی دی جائیگی اور ہر رمضان بازار میں گرم موسم کے پیش نظر پنکھے اور ائر کولر فراہم کئے جائیں گے تاکہ صارفین پرسکون ماحول میں خریداری کر سکیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مشین محلہ نمبر 2، اکرم شہید پارک،دینہ سٹی پولیس پوسٹ کے بلمقابل ، بوہار چوک سوہاوہ، ٹی ایم اے آفس کے باہر کھیوڑا اور مین بازار شالیمار چوک پنڈ داتانخان میں رمضان بازار لگائے جائیں گے ۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کے رمضان بازار آخری روزے تک لگے رہیں گے اور جہلم کے عوام کو کم قیمتوں پر معیاری اشیا ء کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہو گی۔ زائد قیمت وصول کرنے والوں اورذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سختی سے ہدایت کی کہ اس ضمن میں کسی کے ساتھ نرم رویہ نہیں اپنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر عبدالستار عیسانی نے تمام تحصیلوں سے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ اپنی اپنی تحصیل میں لگنے والے رمضان بازار میں اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کروں گا اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا خادم ا علی سمیت ہم سب کی اولین ترجیح میں شامل ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضلع جہلم میں لگائے جانیوالے رمضان بازاروں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ زراعت کی جانب سے ہر رمضان بازار میں تازہ سبزیوں کے سٹالز لگائے جائیں گے اور اعلی معیار کی سبزی ارزاں نرخو ں پر فراہم کی جائیگی۔
Load/Hide Comments