پاکستان ٹورازم

منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم کی پاکستان میں متعین ایرانی سفیر سے ملاقات

جہلم ( عبدالغفور بٹ ) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹوورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن چوہدری عبدالغفور خان نے پاکستان میں متعین ایران کے سفیر مہدی ہنردوست سے انتہائی خوشگوار ملاقات کی۔ ملاقات میں چوہدری عبدالغفور نے انہیں حالیہ دورہ ایران کے بارے میں مفصل بریفنگ دی اور ان کا شکریہ ادا کیا کہ ان کے تعاون کی وجہ سے ان کا یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا۔ ان کو بتایا گیا کہ دورے کے دوران ایران کے شہر مشہد مقدس اور تاریخی شہر تبریز میں اہم شخصیات اور حکام بالا سے ملاقاتیں ہوئیں۔ جن میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر بھی شامل ہیں۔

انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ ان ملاقاتوں میں سیاحت کے علاوہ دوسرے اہم امور بھی زیرغور آئے اور دو طرفہ خیالات کا تبادلہ ہوا۔ انہوں نے زیارت امام رضا ؑ کے بارے میں اپنے تاثرات بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں انتہائی مسرت، روحانی اور دلی سکون ملا، ایران کے سفیرمہدی ہنر دوست نے اپنے خیالات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا انتہائی اہم اور برادر ملک ہے اور ہمارے درمیان انتہائی خوشگوار تعلقات ہیں لہذا ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کرنا چاہیے اور ہمارا مشترکہ دشمن یہ کبھی نہیں چاہے گا کہ ہمارے درمیان دوستی بڑھے کیونکہ ہمارا دشمن بے رحم ہے۔ جبکہ ہمارے اسلامی اقدار مشترک ہیں اور ہمارے درمیان کسی قسم کا تنازعہ اور رکاوٹ نہیں ہے۔ میں بحیثیت سفیراسلامی جمہوریہ ایران ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہوں۔ انہوں نے یہاں تک کہا کہ میرے دفتر کو آپ اپنا دفتر سمجھیں اور کسی بھی وقت میری ضرورت پڑے تو میں حاضر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے لوگوں کو روزگار ملتا ہے اور اگر ہم نے اس سلسلے میں کسی ایک بندے کو بھی روزگار مہیا کیا یا کسی قسم کی مدد پہنچائی تو سمجھیں کہ ہم کامیاب ہیں۔ اس پر چوہدری عبدالغفور خان نے ان کا شکریہ ادا کیا اور اپنے طرف سے نیک تمناؤں اور روابط بڑھانے کا یقین دلایا کہ میں بحیثیت بھائی آپ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہوں۔ منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی نے سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اپنی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں سے انہیں آگاہ کیا اور کہا کہ سیاحت ایک ایسا شعبہ ہے جس میں ایک ملک کے لوگ دوسرے ملک کے لوگوں سے ملتے ہیں اورتعلقات اور روابط بڑھتے ہیں اور اس کے ذریعے سے ہی محبت، بھائی چارہ اورامن کا پیغام دنیا تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ انشاء اللہ تعالیٰ رمضان المبارک کے بعد ایران سے اسی سلسلے میں ایک بڑا وفد پاکستان آئے گا۔ اور اس دوران سیاحت کے شعبے کے حوالے سے معاہدوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ جس سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ ایرانی سفیر مہدی ہنردوست نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کی ترقی و ترویج کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور کی کوششیں اور ویثرن قابل ستائش ہیں۔ ایرانی سفارتخانہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی کوشش کرے گا اور ہر قسم کی سفارشات قدر کی نگاہ سے دیکھے گا۔ اس موقع پر کویت میں پاکستان ٹوورازم کے کوآرڈینیٹر حافظ محمدشبیر بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں