ویرات کوہلی

ویرات کوہلی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی قیادت سے مستعفی

بھارت کے معروف کرکٹرویرات کوہلی نے مختصر طرز کرکٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے بھی مستعفی ہو گئے۔

بھارتی کرکٹر نے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد کیا ہے۔

ویرات کوہلی نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہےکہ ‘ٹیم کو روزانہ درست سمت پر لے کر جانے کے لیے سخت محنت، جدوجہد اور ان تھک کوشش کے سات سال ہوگئے ہیں’۔

انہوں نے کہاکہ ‘میں نے اپنا فرض نہایت دیانت داری سے سرانجام دیا ہے اور کوئی کمی نہیں چھوڑی’۔

ان کا کہنا تھاکہ ‘کسی مقام پر ہر چیز کو رکنا پڑتا ہے اور میرے لیے بھارت کے ٹیسٹ کپتان کی حیثیت سے اتنا ہی تھا، سفر میں کئی اتار اور چڑھاؤ بھی آئے لیکن کبھی بھی محنت میں کمی اور اعتماد متزلزل نہیں ہوا’۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ویرات کوہلی کے قیادت سے مستعفی ہونےکے بعد بیان میں کہا کہ ‘بی سی سی آئی بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر مبارک پیش کرتا ہے جس کی وجہ سےٹیسٹ کرکٹ ٹیم کو بے مثال عروج ملا’۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے ٹوئٹ میں کہا کہ ‘ویرات کوہلی کو بھارتی ٹیم کے کپتان کے طور پر شان دار دور پر مبارک ہو’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ویرات کوہلی نے ٹیم کو یکجا کیا جس نے بھارت اور باہر دونوں جگہ قابل تعریف کارکردگی دکھائی، آسٹریلیا اور انگلینڈ میں ٹیسٹ فتوحات خاص رہیں’۔

بھارت کے شہرہ آفاق بلے باز اور بی سی سی آئی کے درمیان تعلقات میں سرد مہری کا آغاز ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد ٹی20 ٹیم کی قیادت سے الگ ہونے کے بعدہوا تھا۔

کوہلی کو اس کے بعد ایک روزہ ٹیم کی قیادت سے بھی مستعفی ہونا پڑا تھا ، جس کے بعد روہت شرما کو مختصر طرز کرکٹ کے فارمیٹس کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ ویرات کوہلی نے 2014 میں بھارت کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالی تھی اور ریکارڈ 68 ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کی ، جن میں سے 40 میں فتح اور 17 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کوہلی کے استعفے کے بعد بھارتی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان کون ہوگا، اس حوالے سے بی سی سی آئی نے کوئی ردعمل نہیں دیا تاہم بلے باز کے ایل راہول کا نام پہلے ہی گردش کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں