گاڑیاں بنانے والی معروف کمپنی پاک سوزوکی مارکیٹ میں سوئفٹ کا نیا ماڈل متعارف کرانے جا رہی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سوزوکی سوئفٹ کا نیاماڈل دس سال بعد متعارف ہو رہاہے۔
ذرائع کے مطابق فروری 2022 میں نئی جنریشن سوئفٹ کو پیش کرنے کی تیاری کی جارہی ہے جس K12 سی یا 1250 سی سی ڈوئل جیٹ ان لائن 4 انجن 5 اسپیڈ مینوئل یا سی وی ٹی ٹرانسمیشن آپشنز جیسی ٹیکنالوجی استعمال کی جا سکتی ہے۔
قبل ازیں پرانی سوئفٹ میں 1395 سی سی انجن موجودتھا لیکن اس کے لئےزیادہ ٹوکن ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے اسی وجہ سےگاڑی کی فروخت پر کچھ منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
اب نئی 1250 سی سی انجن والی گاڑی خریدنے والوں کو ٹوکن ٹیکس کم ادا کرنا ہوگا۔
کہا جا رہا ہے کہ اس نئی گاڑی کی پاکستان میں قیمت 27 سے 28 لاکھ روپے ہو سکتی ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ چینگن آلسوین، ٹویوٹا یاریز اور ہونڈا سٹی سے بھی یہ گاڑی مہنگی ہوسکتی ہے، تاہم اس کا نیا انجن ایندھن بچانے میں زیادہ مددگار ثابت ہو گا۔
یاد رہے اس سے پہلے سوزوکی سوئفٹ فروری 2021 میں مختلف ممالک میں فروخت کے لیے پیش کی گئی تھی ،چنانچہ اب یہ گاڑی پاکستان میں دستیاب ہوگی۔
2021 ماڈل کی سوئفٹ کے ڈیزائن میں کچھ تبدیلیاں کر دی گئی ہیں ۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اب یہ گاڑی ایک لیٹر پٹرول پر مینوئل ٹرانسمیشن ورژن 23.20 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرے گی اور آٹو میٹک ورژن پر 23.76 کلو میٹر کا فاصلہ ایک لیٹر پٹرول میں طے ہو گا۔
اس سے پہلے سوئفٹ میں یہ اوسط 21.21 کلومیٹر فی لیٹر تھی ، اس کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے نئے ماڈل میں آٹو اسٹارٹ اسٹاپ فنکشن شامل کیا گیا ہے۔
گاڑی میں نیا کنسول، ایک ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم موجود ہے جو ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کو سپورٹ کرتا ہے، اس کے علاوہ نئے کنٹرولز بھی شامل ہیں۔
علاوہ ازیں پش اسٹارٹ اسٹاپ بٹنز، کی لیس انٹری، اسٹیئرنگ ماؤنڈ کنٹرول بٹن، کروز کنٹرول،آٹومیٹک کلائمٹ کنٹرول، اپ ڈیٹڈ انسٹرومنٹ کلسٹر اور آٹو فولڈ ان ایبل او آر وی ایم ایس جیسے فیچر بھی اس گاڑی میں شامل کیے گئے ہیں۔