جہلم لائیو:تھانہ صدر کے علاقہ میں چوری کی مختلف وارداتوں میں نامعلوم چور گھروں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات ،تین لاکھ سے زائد نقدی اور گھریلو سامان چوری کر کے لے گئے۔تھانہ صدر پولیس نان سٹاپ وارداتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طو رپر ناکام .
علاقہ میں شدید خوف وہراس،ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث متعدد ملزمان جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ وارداتیں کرنے لگے.
تھانہ سٹی کے ایریا سے کار چوری ،عوامی سماجی اور شہری حلقوں کا ڈی پی او جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلا ت کے مطابق دو روز قبل پولیس رضا کار مبشر بٹ اور اس کے اہل خانہ گھر سے باہر تھے کہ رات کی تاریکی میں نامعلوم چور تالے توڑ کر گھر میں پڑی نقدی دو لاکھ دس ہزار روپے نقدی ،چار تولے کے طلائی زیورات اور قیمتی موبائل چوری کر کے لے گئے، گزشتہ روز نامعلوم چور محلہ قیصر آباد میں جمشید اقبال عرف بلا کے سسرال کے گھر کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے نقدی ،طلائی زیورات اور گھریلو سامان چوری کر کے لے گئے ،نامعلوم چور عامر رزاق ولد محمد رزاق سکنہ محلہ طارق آباد کے گھر کے تالے توڑ کر اہل خانہ کی عدم موجودگی میں گھر میں داخل ہوئے اور ہزاروں روپے نقدی ،لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور گھریلو سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔تھانہ صدر کے علاقہ روہتا س روڈ اور گردونواح میں چوری کی نان سٹاپ وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے ڈکیتی اور چوری کے متعدد مقدمات میں جیل یاترا کرنے والے ملزمان رہائی کے بعد دوبارہ وارداتوں میں مصروف عمل ہیں عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں ،اہل علاقہ میں شدید خوف وہراس پایا جارہا ہے جبکہ پولیس چوری کی وارداتوں کو کنٹرول کرنے اور ملزمان کو تلاش کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے ،اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔دریں اثناء گذشتہ روز نامعلوم چور تھانہ سٹی کے علاقہ میجر اکرم شہید پارک کے باہر کھڑی مہران کار نمبری JMA1266چوری کر کے لے گئے گاڑی کے مالک جاوید جنجوعہ کی درخواست پر تھانہ سٹی پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔