جہلم کی تحصیل پنڈ دادن خان میں پرائیویٹ سکول کی چھت گر گئی ،کئی طالب علم زخمی ،خاتون مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
سکول کی بوسیدہ عمارت مبینہ طور پر جہاز کی آواز سے گر گئی ۔
کئی طالب علم زخمی ہو گئے.
پرائیویٹ سکول غیر قانونی طریقے سے چلایا جا رہا تھا ۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے قبل ازیں اس کے خلاف کاروائی نہیں کی گئی.
تفصیلات کے مطابق تحصیل پنڈ دادن خان کے علاقہ ڈھڈی پھپھرہ میں پرائیویٹ سکول کی بوسیدہ چھت گزشتہ روز یکدم زمین بوس ہو گئی،جس سے سکول میں موجود کئی طالب علم زخمی ہو گئے.واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اہلیان علاقہ موقع پر پہنچ گئے،اور اپنی مدد اآپ کے تحت بچوں کو ملبے سے نکالنا شروع کر دیا.
چھت گرنے کا مقدمہ اے ای او ایجوکیشن مبشر حنیف کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔
مقدمہ نمبر 76 / 22 بجرم 337H1 سکول کی خاتون مالک کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
اے ای او ایجوکیشن مبشر حنیف کی تحریری درخواست کے مطابق ڈھڈی پھپھرہ میں مذکورہ پرائیویٹ سکول رجسٹرڈ نہیں تھا ،اس لئےغیر قانونی طورپر چلایا جا رہاا تھا ،اس بوسیدہ عمارت مبینہ طور پر جہاز کی آواز سے گر گئی ،جس کی وجہ سے متعدد طالب علم زخمی ہو گئے،لہذا سکول کے مالکان کے خلاف کاروائی کی جائے۔
دوسری جانب بتایا جا رہا ہے کہ تحصیل پنڈ دادن خان کے اکثر علاقوں میں غیر قانونی طور پر بوسیدہ عمارتوں میں پرائیویٹ سکول چلائے جارہے ہیں ،جن کے خلاف محکمہ تعلیم جہلم کو کئی بار تحریری طور پر آگاہ کیا گیا لیکن انہوں نے کوئی کاروائی نہیں کی۔
چنانچہ سکول مافیا پوری ڈھٹائی سے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
اہلیان علاقہ نے اس حوالے سے اعلیٖ حکام سے درخواست کی ہے کہ مزید کسی بڑے سانحہ سے بچنے کے لیے لیے فوری طور پر ان غیر قانونی اسکولوں کو بند کیا جائے۔