جہلم سمیت پنڈدادنخان میں پیٹرول پمپ مالکان کی لوٹ مار تمام حدیں کراس کر گئی۔
پیمانوں میں ہیرا پھیری کے باعث 160 روپے لیٹر پٹرول 192 روپے میں دستیاب ہو رہا ہے۔
پیمانوں میں بد دیانتی کرنے والےپٹرول پمپوں پر جرمانے کی بجائےمکمل طور پر سیل کیا جائے عوامی مطالبہ
تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں شہریوں کی جانب سے آئے روزپٹرول پمپ مالکان کی جانب سے پیمانے میں بددیانتی کے الزامات سامنے آتے رہتے ہیں۔
اسی حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان ملک نورزمان نےعوامی شکایات پر مختلف پٹرول پمپس پر چھاپے مارے۔
جب پٹرول پمپس کا مقدار اور معیار چیک کیا گیا، تو اکثرپٹرول پمپوں کے پیمانے خراب نکلے ،جس کی وجہ سے انہیں جرمانے عائد کیے گئے۔
کرپشن کی انتہا یہ ہے کہ عوام کو ایک لیٹر میں دس پوائنٹ کی بجائے آٹھ یا ساڑھے سات پوائنٹ پٹرول مہیا کیا جا رہا ہے جو کہ عوام کو تقریبا دو سو روپے لیٹر پڑتا ہے۔
قبل ازیں ان کی نگرانی کے لئے مقامی انتظامیہ سال میں ایک دو بار چھاپے مارکر دس بیس ہزار روپے جرمانہ کردیتی تھی جو کہ پٹرول پمپ مالکان کے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتے کیونکہ اس جرمانے کو پورا کرنےکے لئے موجودہ پیمانوں کے حساب سے صرف ایک دن درکار ہوتا ہے ۔
ایک اندازے کے مطابق تحصیل پنڈدادنخان کے پٹرول پمپ ایک دن میں لاکھوں لیٹر پٹرول اور ڈیزل فروخت کرتے ہیں،اور پیمانوں کے ہیر پھیر کی بدولت پٹرول پمپ مالکان لاکھوں روپے اضافی اپنی جیب میں ڈال لیتے ہیں،جبکہ انتظامیہ کو چند ہزار روپے جرمانہ ادا کر کے جان چھڑا لی جاتی ہے۔
چنانچہ عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ انتظامیہ چند ہزار روپے جرمانوں کی بجائے بددیانتی کے مرتکب پٹرول پمپوں کو مستقل طور پر سیل کرے تاکہ عوام کی جیب پر مزید ڈاکہ نہ ڈالا جائے۔