جہلم کے سپوت چوہدری خالد محمود کو پاکستان کے لئے خدمات سرانجام دینے پر ستارہ قائداعظم سے نوازا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دینہ کے نواحی علاقہ مہتہ لوسر سے تعلق رکھنے والے چوہدری خالد محمود کو پاکستان کے لئے خدمات سرانجام دینے پر یوم پاکستان کے موقع پر صدر ڈاکٹرعارف علوی نے ستارہ قائداعظم کے ایوارڈ سے نوازا۔
چوہدری خالد محمود جہلم میں جٹ زمیندار گھرانے میں پیدا ہوئے،وہ 1975ء میں ناروے منتقل ہوئے۔
ناروے میں وہ لیبر پارٹی کے پلیٹ فارم سے سماجی اور سیاسی خدمات سرانجام دیتے رہے۔
ان کی خصوصی کاوش سے ناروے حکومت نے پاکستان میں زلزلہ ریلیف پیکج کے لئے 240 ملین نارویجن کرونا کی امداد کا اعلان کیا۔
نارووے میں پارلیمنٹ ممبر کے طور پر انہوں نے کشمیر کے مسئلے کے لئے آواز اٹھائی،اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کشمیر کی کازکو اجاگر کرنے کے لئے نارویجن زبان میں ایک مستند کتاب بھی لکھی ہے۔
پاکستان کے لئے بے لوث خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ستارہ قائداعظم سے نوازا۔
یہ سول ایوارڈ ایوان صدر میں ایک پر وقار تقریب میں انہیں دیا گیا۔
یاد رہے چوہدری خالد محمود مہتہ لوسر کے چوہدری نذیر حسین کے بیٹے اور سابق ناظم چوہدری غالب حسین کے چھوٹے بھائی ہیں.