ماہ رمضان میں روزہ دار خوارک کے استعمال میں احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے مختلف بیماریوں کا شکار ہو سکتےہیں، صحت مند رہنے کیلیے طبی ماہرین کی جانب سےلوگوں کو سحر وافطار میں کچھ اشیا کے استعمال سے گریز کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
رمضان المبارک کی مبارک ساعتوں کا آغاز ہو چکاہے گھر وں مٖیں سحری وافطار کے موقع پر قسم قسم کے پکوانوں سے دسترخوان سجانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، تاہم طبی ماہرین کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ رمضان المبارک میں کھانے پینے میں احتیاط برتیں اور صحت مند رہنے کیلیے صرف تواناغذائیت سے بھرپور خوراک ہی استعمال کی جائے۔
ماہ رمضان کے ساتھ گرمی کا موسم بھی آ رہا ہے اس لئے سحری کے اوقات میں ایسی غذا کا استعمال کیا جائے جو کہ وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہوں اور ان اجزاء کی کمی کو پورا کریں جو دن کے وقت روزے کے دوران جسم سے ضائع ہوتے ہیں۔ دوسری طرف ایسی غذاؤں سے پرہیز کیا جائے جس سے صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
خاص طور پرتلی ہوئی اور چکنائی سے بھرپور غذائیں استعمال کرنے سے پرہیز کریں کیونکہ اس کا استعمال جسم میں تھکاوٹ کے احساس کو بڑھا سکتا ہے اور یہ غذا آپ کے معدے کیلیے نقصان دہ ہوسکتی ہے۔
نمک سے بھرپور غذائیں جسم میں پانی کی کمی کا باعث بنتی ہیں ،جو اس موسم میں آپ کو دوران روزہ نڈھال کرسکتا ہے اس لیے ایسی غذاؤں سے کا استعمال نہ کریں۔
شکر کا زیادہ استعمال تو عام دنوں میں صحت کیلیے کافی نقصان دہ ہوتا ہے ،مگرشکر سے مراد صرف مٹھائیاں ہی نہیں بلکہ مٹھاس سے بھرپور دیگر غذائیں بھی ہیں جن میں عام طور پر کیلوریز بہت زیادہ ہوتی ہے لیکن صحت بخش ہرگز نہیں ہوتیں،یہ غذائیں جسم کو جلد اور مختصر مدت کیلیے توانائی ضرور فراہم کرتی ہیں لیکن انہیں کھانے کے بعد جلد ہی تھکاوٹ کا احساس ہوتا ہے۔
کیفین کا زیادہ استعمال بھی جسم میں مائعات کو کم کرتا ہے اور اس کے بعد پیاس کا احساس تیز ہوجاتا ہے، کیونکہ کیفین ایک ڈائیوریٹک ہے اس لیے سحروافطار بالخصوص سحری کے دوران کیفین والے کھانے اور مشروبات جن میں سب سے اہم کافی، چائے اور چاکلیٹ وغیرہ کم سے کم استعمال کریں۔
سادہ یا ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس پر مشتمل غذائیں سفید روٹی اور پیسٹری وغیرہ جلد ہضم ہوجاتی ہیں اور اسی وجہ سے جلد بھوک کا احساس ہونے لگتا ہے اس لیے ان غذاؤں کا استعمال بھی کم سے کم کیا جائے تو بہتر ہے۔
سافٹ ڈرنکس معدے میں جلن کا باعث بنتے ہیں خاص پر جب وہ ٹھنڈے ہوں۔ یہ مشروبات بدہضمی کا باعث بھی بن سکتے ہیں اس لیے ان کی جگہ اگر سادہ پانی پی لیا جائے تو وہ زیادہ بہتر ہے۔
دریں اثناء ماہ رمضان میں دہی،سبزیاں ، تھوڑی مقدار میں انڈے وغیرہ اور پانی کا استعمال روزہ دار کر سکتے ہیں۔