تشدد نہیں کیا،سینٹری انسپکٹرنے ہمارے بزرگ سے زیادتی کی،چوہدری ندیم خادم
پولٹری فارم کا چالان کرنے پر سابق ایم پی اے کا محکمہ صحت کے سینٹری انسپکٹر پر تشدد .
سینٹری انسپکٹر کا دیگر ملازمین کے ہمراہ ڈی سی او آفس کے سامنے احتجاج .
ڈی سی او نے صلح کرا دی.
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز محکمہ صحت جہلم کے سینٹری انسپکٹر ظفر علوی نے خصوصی کاروائی کرتے ہوئے سنگھوئی کے رہائشی چوہدری امین کے پولٹری فارم کا صفائی نہ ہونے کی وجہ سے چالان کر دیا.
پولتری فارم کے مالک نے اس دوران مذکورہ اہلکار کی مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری ندیم خادم کو شکایت کر دی.
جس کی پاداش میں مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ای ڈی او ہیلتھ کے دفتر جا پہنچے.
انہوں نے وہاں پر موجود سینٹری انسپکٹرظفرعلوی کو چالان کرنے کی وجہ سےشدید زدو کوپ کیا اورسنگین نتائج کی دھمکیاں دیں.
چنانچہ سابق ایم پی اے اور اس کے ساتھیوں کے ناروا رویے کے خلاف محکمہ صحت کے اہلکارظفرعلوی نے دیگر ملازمین کے ہمراہ ڈی سی اوآفس جہلم کے باہر احتجاج کیا، اور ڈی سی او جہلم سے اس واقعہ کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا.
صورتحال کو دیکھتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری لال حسین اور سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم موقع پرپہنچ گئے اور ڈی سی او جہلم نے معاملہ رفع دفع کرا دیا.
دریں اثناء موقف جاننے کے لیے جب چوہدری ندیم خادم سے جہلم لائیو کے نمائندے نے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ مذکورہ سینٹری انسپکٹر ہمارا سیاسی مخالف ہے اور ہمارے ساتھی معذور بزرگ چوہدری امین سے اس نے سخت بد تمیزی کی ہے، جس کی وجہ سے ہم نے ای ڈی او ہیلتھ جہلم کے آفس جا کر احتجاج بلند کیا،کوئی تشدد نہیں کیا.