پنڈدادنخان کے بعد دینہ میں پتلی تماشا کا انعقاد کیا گیا۔
محکمہ بہبود آبادی کے پنجاب کی ہدایت پر تحصیل دینہ میں اصلاحی پتلی تماشا منعقد ہوا۔
تھیٹر میں تفریح کے ساتھ ساتھ سماجی مسائل کو اجاگر کیا جا رہا ہے، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر بابر ظہیر
تفصیلات کے مطابق محکمہ بہبود آبادی پنجاب کی ہدایت پر ضلع جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے بعد تحصیل دینہ میں ویلیج تھیٹر/اصلاحی پتلی تماشا کا انعقاد اے۔ڈی۔پی سکیم ایڈووکیسی مہم کے تحت کیا گیا۔
مزید پڑھیے: پتلی تماشا کے ذریعے شہریوں کے لئے آگاہی مہم
اس موقع پر بابر ظہیر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفیسر جہلم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحی پتلی تماشا کے ذریعے خاندان کو درپیش مسائل جن میں ماں بچے کی صحت،بیٹیوں کی تعلیم اور صحت کی اہمیت،وسائل اور ضروریات میں عدم توازن، صنفی امتیاز اور فیصلہ سازی میں خواتین کی عدم شرکت جیسے موضوعات کو نہایت ہی خوبصورت اور دلکش انداز میں پیش کیا گیا۔
بہبود آبادی پنجاب کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کرنے والی رفیع پیر تھیٹر کی ٹیم نے اپنی بہترین پرفارمنس سے پتلی تماشا کے ذریعے عوام کو معیاری اور روایتی تفریح کے ساتھ سماجی مسائل کے بارے میں معلومات کاموقع فراہم کیا۔
ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر نے پتلی تماشا کے روایتی تھیٹر کے فروغ کے لیے رفیع پیر تھیٹر اور محکمہ بہبود آبادی کے اشتراک کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ اشتراک معاشرے میں صحت مند تبدیلی اور پائیدار ترقی کے حصول کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔
محترمہ تعظیم زوبی پرنسپل گورنمنٹ گرلز ایسوسی ایٹ کالج دینہ تقریب کی مہمان خصوصی تھیں۔
بابر ظہیر نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین دینہ کی پرنسپل، سٹاف اور طالبات کو پتلی تماشا تھیٹر میں بھرپور شرکت پر خراج تحسین پیش کیا۔
یاد رہے ضلع جہلم مین یہ دوسری تحصیل ہے جہاں یہ پروگرام منعقد کیا گیا،اس سے قبل پنددادنخان میں یہی ٹیم اپنی خدمات سرانجام دے چکی ہے.