پی ٹی آئی چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والے ایم این اے چوہدری فرخ الطاف نے کہا ہے کہ سابقہ صوبائی حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے معاملات خراب ہوئے۔
پی ٹی آئی کی حکومت جمہوری طریقے سے ختم کی گئی۔
موجودہ ن لیگی حکومت عوام کی بہتری کے لئے کام کرے گی۔
ساتھیوں نے میرے فیصلے کی تائید کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے دوران جہلم سے پی ٹی آئی کے ایم این اے چوہدری فرخ الطاف پارٹی چھوڑ کر ن لیگ میں شامل ہوگئے تھے،انہوں نے گزشتہ روز دینہ میں افطار ڈنر کے بعد پہلی دفعہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کی وجوہات بتائیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت انتہائی نا اہل حکومت تھی،جو سول بیوروکریسی کی تعیناتی کے لئے بھی سرکاری اہلکاروں سے پیسے وصول کرتی تھی،اس کی وجہ سے معاملات خراب ہوئے اور عوام کے مسائل حل نہ ہو سکے۔
چوہدری فرخ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سازش سے نہیں بلکہ جمہوری طریقے سے ختم کی گئی،عوامی نمائندوں نے پارلیمنٹ میں اپنا حق رائے دیہی استعمال کیا۔
انہوں نے موجود ن لیگی حکومت کے بارے میں کہا کہ ابھی چند دن کی حکومت ہے،بہرحال یہ لوگوں کی بہتری کے لئے کام کرے گی۔
پارٹی بدلنے کے فیصلے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ آج افطار ڈنر میں ضلع بھر سے نمائندہ ساتھیوں نے شرکت کی اور انہوں نے ن لیگ میں شمولیت کے میرے فیصلے کی تائید کی ہے۔
مسلم لیگ ن ضلع جہلم میں دھڑے بندی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میرا کسی سے اختلاف نہیں،تمام دھڑوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
آئندہ الیکشن کے حوالے سے سوال پر چوہدری فرخ نے کہا کہ وہ اپنے موجودہ حلقے این اے 66سے ہی الیکشن لڑیں گے۔