جہلم میں گرمی

جہلم میں گرمی بڑھنے کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری

جہلم میں گرمی بڑھنے کے حوالے سے الرٹ جاری . ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کااجلاس. عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت۔

تفصیلات کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی جہلم کا گزشتہ روز ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد کاشف نے کہا ہے کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ ہفتہ کے دوران جہلم سمیت صوبہ بھر میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کیا ہے. اگلے ہفتہ کے دوران دن کا درجہ حرات 7سے 9 سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

انہوں نے جہلم کے تمام اسسٹنٹ کمشنرزاورمیونسپل آفیسرز کو شہری علاقوں، تعلیمی اداروں، بازاروں، ریلوے اسٹیشنز، بس اور ویگن اڈوں سمیت دیگر عوامی مقامات پر فوری پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کے کولر رکھنے کی ہدایات جاری کر دی۔

سی او ہیلتھ اتھارٹی کو بھی انہوں نے تمام سرکاری طبی مراکز میں الرٹ جاری کرتے ہوئے ادویات، ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ کی 24 گھنٹے دستیابی کو یقینی بنانے اور ادویات کے وافر سٹاک موجود ہونے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ریسکیو 1122 کو کسی بھی نا گہانی صورتحال کے لیے الرٹ رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ضلع بھر میں دریا میں نہانے پر فوری پابندی لگانے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔

یہ ہدایات اے ڈی سی جہلم نے ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کاشف محمود نے لائیوسٹاک افسران کو ہدایت کی کہ وہ مویشیوں کیلئے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فوری ا قدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ شدید گرمی اور خشک موسم کے باعث آبی ذخائر، فصلوں، سبزیوں اور باغات کو پانی کی کمی کا خطرہ لاحق ہے۔

اگلے ہفتہ کے دوران دریا میں پانی کے بہاؤ بڑھنے کے امکان کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔

لہذا عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں، انتہائی گرمی کے اوقات میں بلا ضروری سفر سے گریز کیا جائے. سبزیوں، پانی اور شربت کا استعمال زیادہ کیاجائے . اسی طرح ہلکے رنگ والے کپڑے استعمال کئے جائیں . گرمی میں نکلنا مقصود ہو تو سرکو ڈھانپ کراور عینک کا استعمال بھی کیاجائے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے محکمہ انہار کو دریا میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل مانیٹرنگ کرنے کی بھی ہدایت جاری کی. تاکہ کسی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔

اجلاس میں شریک مختلف محکموں کے افسران نے پی ڈی ایم اے کی جانب سے آئندہ ہفتہ میں ہیٹ ویو الرٹ کے بعد کئے جانے والے ہنگامی اقدامات کے بارے بریفنگ دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں