جہلم میں نئی کمرشل بلڈنگز کی تعمیر کی اجازت کے لئے خصوصی اجلاس۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روزمنعقد ہوا۔
میٹنگ میں ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ داؤد ،بلدیاتی اداروں کے چیف افسران، محکمہ ماحولیات، ہائی وے، بلڈنگز سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں کاروباری عمارتوں کے نقشوں کی منظوری کے لئے موصول ہونے والی 22 درخواستوں پر غور و خوض کیا گیا، کمیٹی نے 7 کمرشل بلڈنگز کو ٹیکس کی مد میں مقرر کردہ فیس جمع کروانے کی منظوری دے دی۔
جن کے نقشے منظور کئے گئے ان کمرشل عمارتوں میں دکانیں، پٹرول پمپس اور میرج ہالز وغیرہ شامل ہیں۔
مختلف اعتراضات اور نامکمل کوائف کی وجہ سے15 کمرشل بلڈنگز کے نقشےمنظور نہیں ہو سکے،انہیں التواء میں ڈال دیا گیا ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے کہا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک کے پیش نظر کمرشل بلڈنگز کا سیٹ بیک ایریا بڑھانے کی ضرورت ہے، اس کے علاؤہ انہوں نے ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں پارکنگ پلازہ کی تعمیر کے لیے جگہ کی نشاندہی کریں تاکہ شہر کی مصروف شاہراہوں میں پارکنگ کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کاروباری عمارتوں کی زمین کو کمرشل بنیادوں پر استعمال کی منظوری کی درخواستوں میں زمینوں کی ملکیت جیسےمعاملات، ریونیو ریکارڈ اور لینڈ ریکارڈ کی جانچ پڑتال لازمی کی جائے۔
یاد رہے کہ جہلم میں پہلے ہی بے ہنگم کمرشل عمارتیں اور پلازے بنائے جا چکے ہیں،جن کی وجہ سے شہر میں پارکنگ اور ٹریفک کی روانی کے مسائل پیدا ہوچکے ہیں،چنانچہ دن کے اوقات میں سول لائن،ریلوے روڈ ،جادہ روڈ ،کچہری روڈ اور تحصیل رود جہلم پر بے تحاشا ٹریفک ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مسائل درپیش ہیں .
شہریوں نے جہلم لائیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں اس وقت ٹریفک کے حوالے سے پارکنگ کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،اسے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے.