انگلینڈ پلٹ فیملی ائیرپورٹ سے واپس اپنے گھر جاتے ہوئے دینہ میں لٹ گئی۔
مسافر سیالکوٹ ائیرپورٹ سے واپس میرپور جا رہے تھے۔
ڈاکو اسلحہ کی نوک پر فارن کرنسی،طلائی زیورات اور دیگر اشیاء چھین کر فرار ہو گئے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میرپور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے مسافر سیالکوٹ ائیرپورٹ سے واپس میرپور جا رہے تھے کہ دینہ کے قریب بائی پاس روڈ پر ڈاکوؤں نے انہیں اسلحہ کی نوک پر لوٹ لیا۔
سیکٹر سی3 میرپور آزاد کشمیر کے رہائشی شباب احمد ولد شاہ محمد نے بتایا کہ وہ اپنی بیوی اور بچوں کے ہمراہ لندن سے آنے والی بہن کو سیالکوٹ ائیرپورٹ پر لینے گیا،وہاں سے واپسی کے دوران جب ان کی گاڑی دینہ کے قریب ڈھوک کھوکھراں روڈ پر پہنچی تو گرے رنگ کی ٹویوٹا کارمیں بیٹھے ہوئے چار نامعلوم ڈاکوؤں نے ان کو اسلحہ کی نوک پر روک لیا،اسی اثناء میں دو ڈاکو نیچے اترے اور انہوں نے ہماری تلاشی لینی شروع کر دی،چنانچہ دو عدد لیڈیز بیگ جن میں 8ہزار پاؤنڈ نقدی،طلائی زیورات،پانچ ہزار پاکستانی روپے،موبائیل فون،اے ٹی ایم کارڈ ،ڈرائیونگ کارڈ اور دیگر اشیاء لوٹ کر موقع سے فرار ہو گئے،لوٹی جانے والی اشیاء کی کل مالیت 24لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔
دریں اثناء واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس تھانہ منگلا کے پولیس اہلکار موقع پر پنچے،اور میرپور کے شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
اس حوالے سے شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ سے آنے والے مسافروں کو لوٹنے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے،یہ مسافر اکثر صبح کے اوقات میں ائیرپورٹ سے واپس اپنے آبائی علاقوں کی طرف آتے ہیں،جن کو ایک منظم گروہ کافی عرصہ سے جہلم کے گردو نواح میں ریکی کر کے لوٹنے کی کاروائیاں کر رہا ہے،تاہم جہلم پولیس تاحال ان جرائم پیشہ منظم گروہ کو پکڑنے میں ناکام رہی ہے۔لہذا ہم ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچائے،تاکہ ہمارے ملک اور ہمارے شہر کی مزید بدنامی نہ ہو سکے۔