برٹش شہری سے ڈکیتی کے واقعہ نے نیا رخ اختیار کر لیا۔
پولیس کی طرف سے گرفتار کیے گئے ملزمان عدالت نے رہا کر دیئے۔
مال مسروقہ برآمد کرنے کا پولیس کا دعویٰ مشکوک قرار ۔
متاثرہ خاتون کی طرف سے پولیس پر الزامات کی بوچھاڑ۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل برٹش خاتون شہری کو فیملی سمیت ائیرپورٹ سے گھر جاتے ہوئے دینہ بائی پاس روڈ پر لوٹ لیا گیا،جس کا مقدمہ خاتون کے بھائی اور میرپور آزاد کشمیر کے رہائشی شباب کی مدعیت میں تھانہ منگلا جہلم میں درج کر لیا گیا۔
درٖن اثناء پولیس نے گزشتہ روز ملزمان گرفتار کرنے کا دعویٖ کیا،جس میں متاثرہ خاتون کا بھائی اور مدعی مقدمہ شباب اور اس کے دو دوست نعیم بٹ اور مہتاب شامل ہیں،پولیس کا کہنا تھا کہ تینوں ملزمان کو موبائیل ڈیٹا کی مدد سے گرفتار کیا گیا اور ان سے مال مسروقہ برآمد کر لیا ہے۔
مزید پڑھیے:
انگلینڈ پلٹ فیملی سے ہونے والی واردات کا ڈراپ سین
انگلینڈ پلٹ فیملی ائیرپورٹ سے آتے ہوئےدینہ میں لٹ گئی
تاہم اس معاملے نے اس وقت نیا رخ اختیار کر لیا جب سینئر سول جج جہلم نے تینوں ملزمان کو رہا کرتے ہوئے پولیس کی سرزنش کی کہ واردات کے اصل ملزمان گرفتار کیے جائیں۔
دوسری جانب متاثرہ برٹش شہری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ پولیس کا واردات کے ملزمان گرفتار کرنے کا دعویٖ بالکل جھوٹا ہے،انہوں نے بتایا کہ تھانہ سی آئی اے جہلم کے انچارج ملک نثار نے ان کے بھائی اور ان کے دو دوستوں کو بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے واردات میں ملوث کیا،اور بعد ازاں ان کے گھر سے نو لاکھ روپ اور دو طلائی چوڑیاں منگوا کر ان پر ریکوری ڈال دی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے پاس دستاویزی ثبوت ہیں کہ تھانہ سی آئی اے جہلم کے اہلکار 15لاکھ روپے مزید مانگ رہے تھے۔متاثرہ خاتون نے آخر میں جہلم میڈیا اور عدالت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جہلم پولیس کی زیادتی اور انصاف کے حصول کے لئے کے وہ سپریم کورٹ تک جائیں گی.
ا س صورتحال پر سینئر صحافی محمد شہباز بٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہلم پولیس کی کاروائی کے بارے میں کئی سوالات ابھی جواب طلب ہیں۔
سوال نمر1: ایف آئی آر کے مطابق واقعہ میں چار ملزمان ملوث تھے جبکہ پولیس نے مدعی مقدمہ کے علاوہ دو ملزمان گرفتار کیے؟
سوال نمبر2: متاثرہ برٹش خاتون نے ملزمان کی شناخت کیوں نہیں کی ؟
سوال نمبر3: واردات میں لوٹی گئی رقم 8ہزار پاونڈ ،طلائی زیورات اور موبائیل فون وغیرہ کی تفصیلات بتائی جائیں،اگر غیر ملکی کرنسی کسی ایکسچینج سے تبدیل کرائی گئی تو اس کی تفصیل بتائیں؟
سوا ل نمبر 4:وارات میں استعمال ہونے والی گاڑی کہاں ہے؟
سوال نمبر 5: تھانہ سی آئی اے جہلم کے اہلکار مدعی فیملی سے 15لاکھ روپے کیوں مانگ رہے تھے جس کا دستاویزی ثبوت اس فیملی کے پاس موجود ہے؟