ڈومیلی میں سیلاب ، فش فارم کے بند ٹوٹنے سے کئی دیہات زیر آب آ گئے۔
لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔
بارش کے پانی سے دس مکانوں کو نقصان پہنچا۔
ضلعی انتظامیہ نے ڈومیلی میں دو ریلیف کیمپ قائم کر دیئے۔
امدادی سرگرمیاں جاری۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو دن سے مسلسل بارش کے بعد جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے نواحی علاقہ ڈومیلی میں دو فش فارم کے بند ٹوٹ گئے ،جس سے پانی کا ریلہ ملحقہ دیہات میں داخل ہو گیا۔
اس صورتھال کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم کامران خان نےڈومیلی کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اور واٹر چینلز پر بنائے گئے 2 فش فارمز کے بند ٹوٹنے کا نوٹس لیتے ہوئے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی۔
فش فارمز کے بند پانی کا بہاؤ تیزہونے کی وجہ سے ٹوٹے، جس سے 10 مکانات زیرآب آ گئے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ انعم بابر، ریسکیو 1122،ڈسٹرکٹ ہیلتھ اور ایم سی کی ٹیمیں بھی موقع پر امدادی کاروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔تاہم اس دوران کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ فش فارم مالکان کے خلاف مقدمات کا اندراج کرا دیا گیا ہے، ان کےخلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کے لئےگورنمنٹ بوائز ہائی سکول اور رورل ہیلتھ سنٹر ڈومیلی میں ریلیف کیمپ قائم کر دیا گیا ہے۔ ان کےمالی نقصان کا جائزہ لے کر متاثر ہونے والے علاقہ مکینوں کو معاوضہ دیا جائے گا، متاثرین کو تین وقت کا کھانا بھی دیا جا رہا ہے۔
کامران خان نے کہا کہ متاثرہ علاقہ کا زیادہ حصہ کلئیر کر دیا گیا ہے۔
بعدازں ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سنٹر ڈومیلی کا بھی اچانک دورہ کیا اور مون سون بارشوں کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وہاں پر تمام تر ضروری انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لیا۔