مسجد میں حادثہ

کالا دیو مسجد میں حادثہ،3 نمازی شہید 21زخمی

جہلم کے نواحی علاقہ کالا دیو کی مسجد میں حادثہ۔
شدید بارش کے باعث مسجد کی دیوار گر گئی۔
المناک حادثے میں 3نمازی شہید 21زخمی۔
علاقے میں دکھ اور غم کی فضا قائم۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کے نواحی علاقہ کالا دیو کی خانقاہ سلطانیہ پیراں والی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران المناک حادثہ ہوا۔

عینی شاہدین کے مطابق نماز جمعہ کے دوران نمازیوں کی کثیر تعداد مسجد میں موجود تھی،اس دوران مسجد کے صحن میں ایک ترپال لگایا گیا تھا،جو رسی سے ملحقہ دیواروں سے بندھا ہوا تھا،نماز جمعہ کے دوران ہی جب شدید بارش ہوئی تو ترپال پر بارش کا پانی جمع ہو گیا،جس کی وجہ سے ترپال کافی وزنی ہو گیا۔اسی اثناء میں ملحقہ دیوار ترپال کا وزن برداشت نہ کر سکی اور اچانک نمازیوں کے اوپر گر گئی۔

دیوار گرنے کے بعد مسجد میں کہرام مچ گیا،اور کافی نمازی دیوار کے ملبے تلے دب گئے،اس دوران تین نمازی شہید ہو گئے اور 21نمازی زخمی ہو گئے۔ا س صورتحال کو دیکھتے ہوئے ریسکیو 1122اور دیگر انٹطامیہ موقع پر پہنچی ،انہوں نے فوری طور پر شہید ہونے والے نمازیوں کی نعش کو سول ہسپتال منتقل کیا جبکہ زخمی ہونے والے نمازیوں کو بھی ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال بھیج دیا ۔

حادثے میں شہید ہونے والے نمازیوں میں حسن جہانگیر ولد جہانگیر،محمد حماد ولد محمد عالم اور ضیاء ولد ریاض احمد شامل ہیں۔

یاد رہے کہ مذکورہ مسجد میں خانقاہ سلطانیہ کے متعقدین کی کثیر تعداد دور دراز سے نماز جمعہ پڑھنے کے لئے آتی ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ بھیڑ اور رش والی جگہوں پر عوام کی حفاظت کا مناسب بندو بست کیا جائے ، اس حادثے کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ ملحقہ دیوار انتہائی خستہ تھی جو ترپال کا وزن برداشت نہ کر سکی ،جس کی وجہ سے یہ المناک حادثہ رونما ہوا.

اس حادثے کے بعد علاقہ بھر میں غم اور افسوس کی فضا دیکھی جا رہی ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں