جہلم لائیو:(نمائندہ خصوصی):’’بلدیاتی الیکشن‘‘مخصوص نشستوں کے انتخابات کے بعد ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کی چیئرمینی کے ٹکٹوں کیلئے سیاسی جنگ شروع،ضلع کونسل کی چیئرمینی کیلئے مسلم لیگ ن کے سات امیدوار وں نے ’’ٹکٹ ‘‘کیلئے درخواستیں جمع کروا دیں.
وائس چیئرمین ضلع کونسل کیلئے دو امیدوار آمنے سامنے،میونسپل کمیٹی جہلم کی چیئرمینی کیلئے مسلم لیگ ن کے دو جبکہ وائس چیئرمینی کیلئے پانچ امیدواروں نے ٹکٹ کے حصول کیلئے ’’ن لیگی قیادت‘‘کو درخواستیں جمع کروا دیں،جوڑ توڑ اور میل جول کے ساتھ ساتھ رابطوں کا سلسلہ شروع.
رپورٹ کے مطابق بلدیاتی الیکشن کے بعد مخصوص نشستوں کے انتخابات پر مسلم لیگ ن نے ضلع کونسل میونسپل کمیٹیوں اور یونین کونسلوں میں دو تہائی اکثریت حاصل کی،ن لیگ کے باہمی اختلافات بھی سامنے آئے،مخصوص نشستوں کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کا ناراض گروپ بھی سامنے آیا،بعض ن لیگی ممبران ضلع کونسل اور کونسلرز نے شیر کے نشان کے مقابلے میں آزاد امیدواروں کی سپورٹ اور حمایت کی ،بلدیاتی الیکشن کا آخری مرحلہ کیلئے جوڑ توڑ شروع ہو گیا ہے ،ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کی چیئرمین شپ کیلئے مسلم لیگ ن کے متعدد امیدوار سامنے آگئے ہیں .
ضلع کونسل کی چیئرمینی کیلئے حافظ اعجاز جنجوعہ،چوہدری سہیل ظفر،چوہدری سعید،راجہ احمد حسین شوکت،راجہ افراسیاب خان،ڈاکٹر بشیر چوہدری،میجر آصف نے مسلم لیگ ن کی قیادت کو درخواستیں جمع کروا دیں ہیں،ان میں چھ امیدواروں کا تعلق قومی اسمبلی حلقہ این اے 62جبکہ حافظ اعجاز جنجوعہ این اے 63سے اکلوتے امیدوار ہیں ،حافظ اعجاز جنجوعہ مسلم لیگ ن ضلع جہلم جنرل سیکرٹری بھی ہیں جو ضلع کونسل میں کسان کی مخصوص نشست پر ممبر ضلع کونسل منتخب ہوئے ہیں ضلع کونسل وائس چیئرمین کیلئے چوہدری مظفر اور چوہدری جعفر نے ٹکٹ کے حصول کیلئے ن لیگی قیادت کو درخواستیں جمع کروا رکھی ہیں.
میونسپل کمیٹی جہلم چیئرمین شپ کے لیے مسلم لیگ ن یوتھ ونگ ضلع جہلم کے جنرل سیکرٹری حاجی مرزا راشد ندیم جرال اور سابق ضلعی جنرل سیکرٹری راجہ ظفراقبال نے ٹکٹ کیلئے درخواستیں دے رکھی ہیں جبکہ وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی جہلم کیلئے پانچ امیدواروں باؤ کرم الہٰی چوہدری،چوہدری آصف،چوہدری نعیم الرحمن،چوہدری مقبول حسین اور چوہدری ناصر عنایت نے درخواستیں دے رکھی ہیں .
ٹکٹ کے حصول کیلئے امیدواروں نے بھاگ دوڑ شروع کر دی ہے،مسلم لیگ ن کے تگڑے افراد ،وزراء کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک مقیم افراد سے بھی سفارشیں کروائی جارہی ہیں،متعدد امیدواروں نے ن لیگ کی قیادت کو ٹکٹ کے بدلے کروڑوں روپے پارٹی فنڈ دینے کی پیشکش کی ہے،ضلع کونسل میں مسلم لیگ ن ضلع جہلم کے جنرل سیکرٹری حافظ اعجاز جنجوعہ جبکہ میونسپل کمیٹی جہلم کے لیے حاجی مرزا راشد ندیم جرال کو ٹکٹ ملنے کا امکان ہے۔