جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ انتخابات مکمل۔
نئی انتظامی باڈی تشکیل دے دی گئی۔
مقامی ہال میں حلف برداری کی پروقار تقریب کا اہتمام۔
تفصیلات کے مطابق جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ انتخابات کے بعد نئی باڈی تشکیل دے دی گئی ہے۔
نئی تشکیل دی جانے والی باڈی میں صدر ملک خاور شہزاد،سینئر نائب صدر مظہر اکرام اور نائب صدر حافظ غلام مصطفیٰٖ شامل ہیں۔
گزشتہ روز مقامی ہال میں نو منتخب اراکین نے حلف اٹھایا،اس کے علاوہ حلف اٹھانے والوں میں ایگزیکٹو ممبران کارپوریٹ کلاس اور ایسوسی ایٹ کلاس شامل تھے۔
حلف برداری کی پروقار تقریب میں جہلم چیمبر کے جملہ اراکین کے علاوہ شہر بھر کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیمبر کے منتخب اراکین کو ہار پہنائے گئے، گل پاشی کی گئی،اور انہیں معروف شخصیات کی جانب سے مبارکباد دی گئی۔
چیمبر ممبران نے جہلم لائیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال اراکین کو حق رائے دہی دیتے ہوئے باقاعدہ انتخابات کے ذریعے جہلم چیمبر کی باڈی تشکیل دی جاتی ہے،اسی سلسلے میں اس سال بھی نئی باڈی سامنے آئی ہے جسے جہلم چیمبر کا مینڈیٹ حاصل ہے،سابق صدر عمر مشتاق برگٹ نے جہلم چیمبر کی فلاح و بہبود کے لئے کافی کام کیا،امید ہے کہ نئے منتخب صدر جہلم چیمبر آف کامرس ملک خاور شہزاد اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔
جہلم چیمبر کی اس پر وقار تقریب میں شہر بھر کے معززین نے شرکت کی،اور چیمبر کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ جہلم کی انڈسٹری اگرچہ معاشی مشکلات سے نکلنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم یہ اپنے ہنر سے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گی،اور دنیا بھر میں اس شہر کی پہچان بنے گی.