جہلم: پاسپورٹ آفس جہلم کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے ذاتی جاگیر بنا لیا۔
سائلین خصوصی طور پر خواتین سے ہتک آمیز رویہ۔
معمولی اعتراضات پر درخواست گزاروں کو خوار کرنے لگے۔
جو بگاڑنا ہے بگاڑ لو،اسسٹنٹ ڈائریکٹر عامر محمود ملک کی ہٹ دھرمی۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹس اینڈ امیگریشن جہلم عامر محمود ملک نے متعلقہ آفس کو اپنی ذاتی جاگیر بنا تے ہوئے سائلین اورخصوصی طور پر خواتین سے ہتک آمیز رویہ اختیار کر رکھا ہے،درخواست گزاروں کو معمولی اعتراضات پر کئی کئی دن تک چکر لگانے پر مجبور کرنے لگا،چنانچہ سائلین باہر بیٹھے ہوئے کسی ایجنٹ کے ذریعے کچھ نقدی ادا کر کے اپنا معاملہ حل کرانے پر مجبورہیں۔اور جب اسسٹنٹ دائریکٹر عامر ملک سے اس رویے کا سوال کیا جاتا ہے تو وہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ جو بگاڑنا ہے بگاڑ لو،اس آفس میں میرا حکم چلتا ہے۔
اسی سلسلے میں ایک درخواست گزار نے میڈیا کو بتایا کہ وہ گزشتہ روز اپنی ہمشیرہ کے ہمراہ پاسپورٹ کی تجدید کے لئے جب آفس گئے تو عامر محمود ملک نے معمولی اعتراض لگا دیا،جب انہیں بتایا کہ معاملہ نئے پاسپورٹ کا نہیں بلکہ تجدید کا ہے تو وہ آئیں بائیں شائیں کرنے لگے،تاہم دوسرے دن جب اعتراض ختم کر کے دوبارہ آفس گئے تو اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے تنگ کرنے کے لئے نیا اعتراض لگا دیا،اس کے ساتھ ساتھ گارڈ نے دوسرے ملازم حافظ جمیل کے ہمراہ سخت بدتمیزی کی،اور آفس میں داخل ہونے سے روکا،اس موقع پر اسسٹنٹ دائریکٹر نے کہا کہ میری مرضی کے لوگ ہی اندر داخل ہو سکتے ہیں۔
اس معاملے پر جب موقف جاننے کے لئے عامر محمود ملک سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ مذکورہ درخواست کو پراسس کر دیا ہے،مگر وہ الزامات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔