جہلم لائیو(نمائندہ خصوصی): جہلم میونسپل کمیٹی کی چیئرمینی کے لئے 2 گروپ آمنے سامنے (ن) لیگی امیدوارنے ہاتھ پاؤں مارنے شروع کر دئیے، خادم اللہ بٹ نے (ن) لیگ کے غبارے سے ہوا نکال دی، پی ٹی آئی کے علاوہ آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل خفیہ ہاتھوں نے بھی حمایت کا یقین دلا دیا، تفصیلات کے مطابق جہلم میونسپل کمیٹی کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کیطرف سے مرزا راشد ندیم نے بطور امیدوار برائے چیئرمین جبکہ وائس چیئرمین کے لئے چوہدری مقبول حسین نے کاغذات جمع کرادئیے ہیں.
دوسری جانب سے آزاد گروپ کے مشہور و معروف کونسلرخادم اللہ بٹ نے امیدوار برائے چیئرمین جبکہ وائس چیئرمین کے لئے نعیم اعجاز عرف سیمی نے کاغذات جمع کروائیں ہیں، خادم اللہ بٹ کو مسلم لیگ (ن) کے ناراض دھڑے کی حمایت بھی حاصل ہے، خادم اللہ بٹ کاغذات جمع کروانے کے لئے جب پہنچے تو پی ایم ایل این کے سابق جنرل سیکرٹری، جنرل کونسلر راجہ ظفر اقبال اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ شاہنواز بھی ان کے ہمراہ تھے،خادم اللہ بٹ کے میدان میں آنے سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہاتھ پاؤں مارنے شروع کر دئیے ہیں.
میونسپل کمیٹی جہلم میں کل 46 جنرل کونسلر کامیاب ہوئے لیکن حالیہ بلدیاتی انتخابات کیوجہ سے مسلم لیگ (ن) میں واضح دو دھڑے بن چکے ہیں، ناراض دھڑے نے خادم اللہ بٹ کو کامیاب بنانے کیلئے مہم کاآغاز کر دیا ہے، جبکہ خادم اللہ بٹ کو پی ٹی آئی کے علاوہ آزاد کونسلرز کی حمایت بھی حاصل ہے۔شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ خادم اللہ بٹ کا تعلق بھی مسلم لیگ(ن) سے رہا ہے، اس لئے (ن)لیگی کونسلرز کی کثیر تعداد کا جھکاؤ خادم اللہ بٹ کی طرف ہے، میونسپل کمیٹی جہلم کی چیئرمین کے لئے مرزا راشد ندیم، اور خادم اللہ بٹ نے باضابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے، توقع کی جارہی ہے کہ میونسپل کمیٹی جہلم کی چیئرمینی کے لئے گھمسان کا رن پڑے گا۔