جہلم لائیو:بھاری اکثریت اور بلا مقابلہ جیت کی امید رکھنے والی ن لیگ دو گروپوں میں تقسیم جوڑ توڑ شروع میونسپل کمیٹی سوہاوہ کے الیکشن عدالتی اسٹے کی نظر ہونے کا امکان.
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میونسپل کمیٹی کے چیئر مین اور وائس چیئر مین کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ پر ن لیگ دو گروپوں میں تقسیم ہو گئی سابق چیرمین بلدیہ ن لیگ کے بانی کارکن راجہ آصف خان اور چوہدری ابرار حسین نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے جبکہ کاغذات جمع کرنے کا مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد ن لیگ کے ہی راجہ شارق چیئر مین اور واجد حسین بٹ نے وائس چیئر مین کے کاغذات جمع کر وا دیے جس پر ن لیگ دو دھڑوں میں تقسیم ہو کر رہ گئی .
حالیہ بلدیاتی انتخابات میں میونسپل کمیٹی سوہاوہ کی 15 وارڈز میں ن لیگ نے 11 وارڈ ز میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک آزاد امیدوار اور تین تحریک انصاف کے کونسلروں نے کامیابی حاصل کی .
جبکہ خصوصی سیٹ پر ن لیگ کے چھ کونسلرز بلا مقابلہ منتخب ہوئے جس کے بعد ن لیگ کی طرف سے چیئر مین اور وائس چیئر مین کے امیدواروں کے بلا مقابلہ جیت کے دعوے کیے جارہے تھے، لیکن ن لیگ کے بزرگ کونسلر و سابق چیئر مین بلدیہ راجہ آصف خان کومقامی قیادت کی طرف سے نظر انداز کرنے کے بعد راجہ آصف خان نے میونسپل کمیٹی سوہاوہ کے لئے کاغذات جمع کروا دیے اور ساڑھے چار بجے کاغذات جمع کروانے کا مقررہ وقت ختم ہونے تک بلدیہ آفس میں موجود رہے.
اس وقت تک ان کے مد مقابل کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہ کروائے اور راجہ آصف اور چوہدری ابرار حسین میونسپل کمیٹی کے بلا مقابلہ چیئر مین و ائس چیئر مین سامنے آ رہے تھے ،کہ شام چھ بجے کے قریب ریٹرینگ آفیسر سوہاوہ واجد اعوان نے ایم پی اے کے حمایت یافتہ امیدوار برائے چیئر مین راجہ شارق اور وائس چیئر مین واجد بٹ کے کاغذات جمع ہونے کا اعلان کر دیا ،جس کے خلاف راجہ آصف اور ابرار حسین گروپ نے احتجاج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن جہلم اور عدالت میں جانے کا اعلان کیا ہے۔
اگر مقامی قیادت اور مخالف گروپ کے آپس میں معاملات حل نہ ہوئے تو میونسپل کمیٹی کے چیئر مین اور وائس چیئر مین کا الیکشن عدالتی سٹے کی نظر ہو سکتا ہے۔