راجہ قاسم علی خان

اسحاق ڈار نے ضلعی قیادت کے متفقہ فیصلے کی توہین کی،راجہ قاسم علی خان

جہلم لائیو(راجہ شہزاد علی):ضلعی جنرل سیکرٹری کو ٹکٹ جاری ہونے کے باوجود ن لیگ میں چیئرمین ضلع کونسل کی نشست کے معاملے پراختلافات برقرار،امیدورا برائے چیئرمین ضلع کونسل راجہ قاسم علی خان نے نمائندہ جہلم لائیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہاجہلم کے تمام ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی مشاورت سے میاں حمزہ شہباز نے مجھے ٹکٹ دیا،ضلعی قیادت بشمول مہر محمد فیاض اور حافظ اعجاز اورتمام منتخب یو سی چیئرمینوں نے مجھے مبارکباد دی ،لیکن اسکے بعد اسحاق ڈارنے مداخلت کرتے ہوئے اپنے من پسند آدمی کو ٹکٹ دے دیا،میرٹ کی دھجیاں اڑائیں اور ضلعی قیادت کے متفقہ فیصلے کی توہین کی گئی ،ہم اس فیصلے کو نہیں مانتے.

انہوں نے کہا کہ میاں برادران سے آج کا نہیں بلکہ کئی نسلوں کا تعلق ہے جسے ہم نبھانا چاہتے ہیں،ہمارا ہر قدم پارٹی کی عزت اور وقار کے لیے ہوتا ہے ،لیکن اس بار ایسے امیدوار(وائس چیرمین) کے لیے میدان میں آچُکے ہیں جن کا ماضی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں،جب ن لیگ ابتلاء کا شکار تھی تو موصوف پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر تھے،جبکہ ہم پہلے بھی مسلم لیگی تھے آج بھی مسلم لیگی ہیں ،مگر اعلیٰ قیادت اس بات کو ذہن نشین کر لے کہ اس بار تحصیل پنڈدادن خاں زیادتی برداشت نہیں کرے گی .

دریں اثناء آزاد امیدوار برائے چیئرمین ضلع کونسل چوہدری سعید اقبال نے نمائندہ جہلم لائیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ساتھیوں کے ساتھ رابطے میں ،کل باہمی مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کریں گے کہ ہمارا آئندہ لائحہ عمل کیا ہو گا،کسی کی حمایت میں دستبردار ہونے کا فیصلہ قبل از وقت ہے.

یاد رہے کہ ضلع کونسل جہلم کا الیکشن اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے،اس لئے اب سیاسی طور پر جہلم میں کافی سرگرمی نظر آ رہی ہے،متحارب سیاستدانوں نے کمر کس لی ہے اور ایک دوسرے کے خلاف پے در پے حملے کر رہے ہیں .

اپنا تبصرہ بھیجیں