ضلع کونسل

ضلع کونسل کی سربراہی کے لئے دلچسپ مقابلہ

جہلم( نمائندہ خصوصی) ضلع کونسل جہلم کے بلدیاتی اداروں کی سربراہی کیلئے امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں .

بلدیاتی معرکہ آرائی کے دوران سب سے زیادہ دلچسپ مقابلہ ضلع کونسل جہلم کی سربراہی کیلئے ہوگا.

اس مقابلے میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ہی 2 پینل ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں .

ضلعی ایوان میں ووٹرزکی کل تعداد59 ہے جن میں سے پاکستان مسلم لیگ ن کے50 اور پاکستان تحریک انصاف کے 9 ممبران اپنا وجود قائم رکھے ہوئے ہیں .

مسلم لیگ ن کے ایک پینل میں چیئرمین شپ کیلئے پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ اعجاز محمود جنجوعہ ، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے مرزا جمشید بلے کے نشان پر نمایاں ہیں . دوسری جانب باغی گروپ کے امیدوار راجہ قاسم علی خان جن کا تعلق بھی مسلم لیگ ن سے ہے ، میدان میں للکار رہے ہیں .

پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری سعید اقبال بوکن نے گزشتہ روز دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا اس طرح مسلم لیگ ن ضلع کونسل کی چیئرمینی کے لئے مسلم لیگ ن کے مقابلے میں 22 دسمبر کو ہونے والے انتخاب میں مد مقابل ہوگی.

باغی گروپ کو واضح برتری حاصل ہے ، جبکہ سابق ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ اعجاز جنجوعہ کے پاس ووٹر کی مطلوبہ تعداد انتہائی کم ہے . پاکستان مسلم لیگ ن واضح طور پر ضلع جہلم میں 2 دھڑوں میں تقسیم دکھائی دیتی ہے . ایک دھڑے کو گھرمالہ خاندان کی حمایت جبکہ دوسرے دھڑے کو نوابزادہ خان کی آشیر باد حاصل ہے .

امیدوار برائے چیئرمین ضلع کونسل راجہ قاسم علی خان کے والد راجہ محمد صفدر علی خان (مرحوم) چیئرمین ضلع کونسل رہ چکے ہیں ، اس طرح راجہ قاسم علی خان سیاسی لحاظ سے ضلع میں ا پنی ایک حیثیت رکھتے ہیں ، دوسری جانب حافظ اعجاز جنجوعہ پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی جنرل سیکرٹری ہیں اور سابق ممبر ضلع کونسل رہ چکے ہیں ، دونوں دھڑوں نے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی شروع کر رکھی ہے ، جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار برائے چیئرمین ضلع کونسل مرزا جمشیداور ان کے ساتھی تماشا دیکھنے میں مشغول ہیں ۔

گزشتہ روز گھرمالہ خاندان نے حافظ اعجاز جنجوعہ کو پاکستان مسلم لیگ ن کا امیدوار برائے چیئرمین ضلع کونسل متعارف کرواتے ہوئے مقامی اخبار نویسوں کو بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت میں حافظ اعجاز جنجوعہ کو چیئرمین ضلع کونسل کا ٹکٹ جاری کیا ہے اس لئے ہم اپنے قائد کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے حافظ اعجاز کو چیئرمین ضلع کونسل منتخب کروانے کئے لئے رات دن ایک کر دیں گے، جبکہ نواب زادہ گروپ کو پاکستان تحریک انصاف کے 3 ووٹرز نے بھی حمایت کا یقین دلا رکھا ہے ، جس کی وجہ سے نوابزادہ مطلوب مہدی گروپ کچھوے کی چال چلتے ہوئے وکٹری سٹینڈ پر پہنچنے کی کوشش میں مصروف عمل ہے ۔ شہریوں کے علاوہ ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں کے عوام کی حمایت بھی نوابزادہ مطلوب مہدی کے نامزد کردہ امیدوار برائے چیئرمین ضلع کونسل راجہ قاسم علی خان کے ساتھ ہے ، 22 دسمبر کو مسلم لیگ ن کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے امیدوار کے مابین ہوگا، اور توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ مسلم لیگ ن کے نامزد کردہ امیدوار کو ضلع جہلم میں پہلی مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑے گاکیونکہ اس سے قبل عام انتخابات ہوں یا ضمنی الیکشن مسلم لیگ ن کے نامزدکردہ امیدوار ہی کامیاب ہوتے ہیں ، لیکن توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ اس مرتبہ نتائج مختلف ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں