جہلم لائیو( نامہ نگار) جہلم سمیت صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں ڈی سی اوز کو ڈپٹی کمشنر کے اختیارات دینے کا حتمی فیصلہ ،سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کردی گئی ، بلدیاتی انتخابات کے بعد جہلم سمیت صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں ضلعی چیئر مین کو اختیارات منتقل ہونے کے بعد اختیارات میں توازن برقرار رکھنے کے لئے سمری تیار کر لی گئی ہے.
ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید نے ڈی سی او کی جگہ لینے والے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کی اختیارات پر مشتمل تجاویز سمری کی صورت میں وزیر اعلی پنجاب کو ارسال کر دی ہے ۔سمری کے مطابق ڈی سی ضلع میں صوبائی حکومت کا نمائندہ ہوگا اور ڈسٹرکٹ کلکٹر ہوگا۔ اضلاع میں تمام آفات اور تمام قسم کی بیماریوں کو کنٹرول کرنے کا سربراہ ہوگا۔ ضلع میں تمام صوبائی محکموں کے درمیان کوارڈی نیشن کرے گا۔اور گاہے بگاہے صوبائی حکومت کو اپنے متعلقہ ضلع بارے فیڈ بیک دے گا۔ڈی سی کو دفعہ 144لگانے،نظر بندی کرنے یا ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا اختیار ات نہیں ہونگے۔ڈی سی ضلع میں صوبائی حکومت کا فوکل پرسن بھی ہوگا۔ حکومت پنجاب نے اس سلسلہ میں سول ایڈمنسٹریشن ایکٹ تیار کر لیا ہے جسے وزیر اعلی اور کابینہ کی منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا۔ یہ ایکٹ نئے بلدیاتی نظام کی آمد کے ساتھ ہی لاگو ہوجائے گا اور ڈی سی او کا نام ایک مرتبہ پھر تبدیل کر کے ڈی سی مقرر کر دیا جائیگا ۔