وارنگٹن کے 142ویں میئر صغیر زمان: جہلم سے برطانیہ تک کامیابی اور سماجی خدمات کی کہانی
برطانیہ کے شہر وارنگٹن میں جہلمی نژاد کونسلر صغیر زمان کو باضابطہ طور پر 142واں میئر مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ تقرری نہ صرف وارنگٹن کی مقامی سیاست کے لیے اہم ہے بلکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور خصوصاً جہلم سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی کے لیے بھی باعثِ فخر سمجھی جا رہی ہے۔
جہلم سے برطانیہ تک ایک خاندان کی جدوجہد
ان کی کہانی برطانیہ میں آباد پاکستانی تارکینِ وطن کی اس نسل کی نمائندگی کرتی ہے جس نے محنت، تعلیم اور سماجی خدمت کے ذریعے اپنی شناخت بنائی ہے۔
ان کے والد چوہدری شیر زمان مرحوم جہلم کے نواحی علاقے گھرمالہ سے تعلق رکھتے تھے اور معروف سیاسی شخصیت چوہدری خادم حسین کے قریبی عزیز تھے۔ وہ 1960ء کی دہائی کے آخر میں صرف سولہ برس کی عمر میں برطانیہ آئے اور انہوں نے یہاں اور پاکستان میں اپنے خاندان کی بہتر میعار زندگی کے لیے سخت محنت کی۔
صغیر زمان اکثر اپنے والد کی قربانیوں اور محنت کو اپنی عوامی خدمت کی اصل تحریک قرار دیتے ہیں۔وہ سمجھتے ہیں ان کی کامیابی کے پیچھے ان کے والد ہیں۔
تعلیم اور خاندانی پس منظر
صغیر زمان اگرچہ گھرمالہ کے زمیندار خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔لیکن ان کی پیدائش وارنگٹن میں ہوئی اور وہیں انہوں نے پرورش پائی۔ انہوں نے ملٹی میڈیا کمپیوٹنگ میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی۔
ان کے بہن بھائی بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ اور مختلف شعبوں میں کامیاب پیشہ ور افراد ہیں۔ ان کے ایک بھائی ڈاکٹر، دوسرے سالیسٹر جبکہ بہن بزنس اینالسٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
یہ پس منظر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ برطانیہ میں جہلمی پاکستانی خاندانوں کی نئی نسل تعلیم اور پیشہ ورانہ میدان میں نمایاں مقام حاصل کر رہی ہے۔
سماجی خدمات میں نمایاں کردار
صغیر زمان کا نام وارنگٹن شہر کی سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں ایک معتبر حیثیت رکھتا ہے۔
WECA میں قیادت
وہ 2004ء میں قائم ہونے والی وارنگٹن ایتھنک کمیونٹیز ایسوسی ایشن (WECA) کے ابتدائی اراکین میں شامل رہے اور اس وقت اس تنظیم کے چیئرمین ہیں۔
اس پلیٹ فارم کے ذریعے انہوں نے مختلف نسلی، مذہبی اور ثقافتی برادریوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وارنگٹن میلہ کے روحِ رواں
صغیرزمان وارنگٹن میلہ کے اہم منتظمین میں بھی شمار ہوتے ہیں۔
یہ سالانہ ثقافتی میلہ اب وارنگٹن کی نمایاں تقریبات میں شامل ہو چکا ہے اور ہر سال ہزاروں افراد اس میں شرکت کرتے ہیں۔ میلے کا مقصد مختلف ثقافتوں، زبانوں اور روایات کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے۔
مسجد اور کمیونٹی سروس
انہوں نے وارنگٹن اسلامک ایسوسی ایشن مسجد کی ایگزیکٹو کمیٹی میں بھی مختلف ذمہ داریاں نبھائیں۔
وہ خزانچی اور نائب چیئرمین کے عہدوں پر فائز رہے اور فنڈ ریزنگ سمیت متعدد فلاحی منصوبوں میں فعال کردار ادا کرتے رہے۔
سیاسی سفر اور کونسل کی ذمہ داریاں
کونسلر منتخب ہونے کا سفر
صغیر زمان 2021ء میں فیئر فیلڈ اینڈ ہاولی وارڈ سے کونسلر منتخب ہوئے اور بعد ازاں دوسری مدت کے لیے دوبارہ کامیاب قرار پائے۔
مقامی سطح پر ان کی شناخت ایک ایسے نمائندے کی بن چکی ہے جو کمیونٹی انگیجمنٹ، شمولیت اور سٹریٹ محلہ کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دیتا ہے۔
مختلف کمیٹیوں میں خدمات
میئر بننے سے قبل وہ کونسل کی مختلف اہم کمیٹیوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں، جن میں:
* Development Management Control Committee
* Supporting the Local Economy Committee
* Traffic Committee
* Appeals Committee
شامل ہیں۔
اس کے علاوہ وہ Building Stronger Communities کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے اور Cheshire Fire and Rescue Service Authority میں کونسل کی نمائندگی بھی کرتے رہے۔
میئر صغیر زمان کی ترجیحات کیا ہوں گی؟
کونسلر صغیر زمان گزشتہ پچیس برس سے زائد عرصے سے وارنگٹن میں سماجی اور رضاکارانہ خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ ان کے میئر بننے کے بعد ان کی بنیادی ترجیحات میں مختلف کمیونٹیزکا اتحاد،ان کی اجتماعی شمولیت، باہمی احترام اور قابل فخر کردارکو فروغ دینا ہوں گی۔
انہوں نے جہلم لائیو سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ وارنگٹن کے ہر شہری کی غیر جانبدار اور باوقار نمائندگی کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
میئر کے طور پر کن فلاحی اداروں کی حمایت کریں گے؟
اپنی میئرشپ کے دوران صغیر زمان درج ذیل چار فلاحی اداروں کی حمایت کریں گے:
* Warrington Wolves Community Foundation
* Warrington Visual Impaired People
* Warrington Disability Partnership
* Warrington Charities Trust
یہ انتخاب ظاہر کرتا ہے کہ وہ کھیل، معذور افراد، بصارت سے محروم شہریوں اور مقامی فلاحی سرگرمیوں کو خصوصی اہمیت دینا چاہتے ہیں۔
پاکستانی اور جہلمی کمیونٹی کے لیے اس خبر کی اہمیت
جہلم اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے یہ خبر بہرحال خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔
اس سے ثابت ہوا کہ برطانیہ میں آباد پاکستانی اور خصوصی طور پر جہلمی کمیونٹی اب صرف کاروباری یا محنت کش طبقے تک محدود نہیں رہی بلکہ مقامی سیاست، سماجی قیادت اور شہری اداروں میں بھی اپنا مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
اس لئے صغیر زمان کی کامیابی نوجوان نسل کے لیے یہ پیغام رکھتی ہے کہ تعلیم، محنت اور کمیونٹی سروس کے ذریعے دنیا کے کسی بھی ملک میں نمایاں مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔
برطانیہ میں جہلمی قیادت کا بڑھتا ہوا کردار
برطانیہ میں جہلمی پاکستانی نژاد میئرز، کونسلرز اور عوامی نمائندوں کی تعداد میں اضافہ وہاں کی جمہوری سیاست میں اقلیتی برادریوں کی بڑھتی ہوئی شمولیت کا ثبوت ہے۔
زیر نظر خبر کو پڑھنے کے لیے اس لنک پر کلک کریں:
برطانیہ: جہلم کے سپوت ذوالقرنین حیات کی برنلے کونسل انتخابات میں تاریخی کامیابی
صغیر زمان کی تقرری بھی اسی مثبت رجحان کی ایک اہم مثال سمجھی جا رہی ہے۔
آخری بات
وارنگٹن کے 142ویں میئر کے طور پر سغیر زمان کی تقرری صرف ایک سیاسی کامیابی نہیں بلکہ محنت، تعلیم، سماجی خدمت اور کمیونٹی قیادت کی ایک متاثر کن داستان ہے۔
جہلم کے نواحی علاقے گھرمالہ سے تعلق رکھنے والے خاندان کی یہ کامیابی پاکستانی کمیونٹی کے لیے فخر کا باعث ہے اور نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مثال بھی کہ خدمت، لگن اور مستقل مزاجی کے ذریعے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔